پانچ اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کو چھ سال مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرنا اور عالمی برادری کو بھارتی مظالم کی جانب متوجہ کرنا ہے۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آبادیاتی نقشہ بدلنے اور کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کی۔ بھارتی جبر، بلاجواز گرفتاریاں، میڈیا پر پابندیاں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معمول بن چکی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ 5 اگست کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مودی حکومت کا ہندوتوا ایجنڈا کشمیری مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہے۔ نو لاکھ بھارتی فوج کشمیری عوام سے بنیادی حقوق چھین رہی ہے، جبکہ حریت قیادت اور صحافی جھوٹے مقدمات میں قید ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔