لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس تیسرے روز بھی بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں دوسرے روز بھی زندگی معمول پر نہ آسکی۔ جڑواں شہروں میں سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک جام اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔
ایکسپریس وے، فیض آباد، آئی جی پی روڈ، کھنہ پل، کری روڈ اور ڈھوک کالا خان کے راستے مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ فیض آباد انٹرچینج بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں حالات کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں فوری طور پر چھٹی دے دی گئی تھی۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ادھر پنجاب یونیورسٹی میں آج ہونے والے ایل ایل بی کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔