وفاقی کابینہ نے نگراں حکومت کے مختلف محکموں کی تنظیم نو، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اجلاس اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہوا۔
کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے دفاعی شعبے میں پاک ترک تعاون کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کے اعتراف میں ترک آرمڈ فورسز لی جن آف میرٹ ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ برائے کھجور اور زراعت کی اختراع کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ اس مفاہمت نامے کے تحت، پہلا پاکستان کھجور میلہ اس سال ستمبر میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد کھجور کی پیداوار کو بڑھانا ہے۔
اس موقع پر اپنے تاثرات میں وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت ملکی معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مختصر وقت میں کابینہ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ ہم منتخب حکومت کے لیے ایک ایکشن پلان چھوڑ رہے ہیں جو یقیناً عوام اور قومی مفاد کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کے تمام فیصلوں اور پالیسی سازی میں ہمیشہ ملکی مفاد کو اولین ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.













