اسلام آباد: قومی اسمبلی میں انکشاف کیا گیا ہےکہ ایک سال کے دوران وزرا کے غیر ملکی دوروں پر 6کروڑ 52 لاکھ روپے اخراجات آئے ہیں۔
پیر کو وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن کے رکن اسمبلی غوث بخش مہر کے اس سوال پر کہ ایک سال کے دوران وزرا کےغیر ملکی دوروں پر کتنے اخراجات آئے ہیں تو حکومت کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران 25 وفاقی وزرا نے 6کروڑ 52 لاکھ روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ کیے جن میں سب سے زیادہ ایک کروڑ روپے سے زائد وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے خرچ کیے۔
یہ بھی پڑھیں: https://republicpolicy.com/imran-khan-ab-kabi-iqdar-mein/
قومی اسمبلی نے تمام تفصیلات کیلئے سوال قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔ حکومت کے فراہم کردہ سوال کے جواب میں تحریری طور پر ایوان کو بتایا گیا کہ جنوری 2022 سے دسمبر 2022 تک کابینہ ڈویژن کے ریکارڈ کے مطابق 25 وزیر اور وزرائے مملکت نے غیر ملکی دورے کیے، ان میں سب سے زیادہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے دورے پر اخراجات آئے جس پر ایک کروڑ 4لاکھ20ہزار روپے خرچ ہوئے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین پر 37لاکھ ،وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان پر 49لاکھ، وزیر مواصلات اسعد محمود پر 18 لاکھ، نوید قمر پر 59 لاکھ، سابقہ وزیردفاعی پیداوار زبیدہ جلال پر 9 لاکھ، وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین پر 26 لاکھ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف پر 31 لاکھ، خرم دستگیر پر 26 لاکھ، وزیر مملکت مصدق ملک پر 35 لاکھ، سابق وفاقی وزیر عمر ایوب پر 15 لاکھ، اسحاق ڈارپر 24 لاکھ روپے و دیگر پر لاکھوں روپے خرچ ہوئے۔