وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختصر سے درمیانی مدت میں منافع حاصل کرنے کے لیے باہمی تعاون کے ذریعے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو آگے بڑھائیں۔
انہوں نے یہ ہدایات اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے معیشت کی پائیدار بحالی کے لیے مختلف شعبوں میں پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔
مزید برآں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تیل اور گیس کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی بنائیں۔
وزارتوں نے متوقع سرمایہ کاری کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ماحولیاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کے منصوبے پیش کیے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات اور سرمایہ کاروں کی برادری کو فعال طور پر شامل کرنے کے لیے آؤٹ ریچ کی حکمت عملی کو سراہا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نےسرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید بہتر بنانے کے لیے پالیسی کی سطح پر مداخلتوں کی منظوری دی۔
کمیٹی نے سرکاری اداروں کی نجکاری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور اسے سراہا اور اس عمل کو تیز رفتاری سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔












