وزیر اعظم شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے بشام میں دہشت گردی کے واقعے میں پانچ چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اس واقعے کی جلد از جلد اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے گی اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔
انہوں نے چینی صدر اور وزیراعظم کے نام بھی اس واقعے پر تعزیتی پیغام پہنچایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسی مذموم کوششوں کا مقصد پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دشمنوں نے ایک بار پھر اس طرح کی بزدلانہ کارروائی سے منصوبے کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے اس لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے قومی عہد کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، اسحاق ڈار، محسن نقوی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.













