تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل اور امریکہ کے سامنے ہرگز ہتھیار نہیں ڈالے گا، جبکہ جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔
سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی تقریر میں ایرانی صدر نے کہا کہ دشمنوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ ایرانی عوام کی شکست کی خواہش وہ اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی واحد شرط ’’غیر مشروط ہتھیار ڈالنا‘‘ ہے۔ امریکہ اور اسرائیل نے ایک ہفتہ قبل ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی تھی جس کے بعد خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کے بعد ایک قابل قبول نئی قیادت کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔ ان کے مطابق اس کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادی ایران کو تباہی کے دہانے سے واپس لانے اور اس کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کے آئندہ رہنما کے انتخاب کے عمل میں بھی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔









