خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران 8 خوارج مارے گئے۔ جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان شہید ہو گئے۔ شہید لانس نائیک عثمان مہمند کا تعلق چارسدہ اور سپاہی عمران خان کا تعلق کرم سے تھا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 خوارج مارے گئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ دہشت گرد کئی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے حوصلے مزید بلند کرتی ہیں۔