نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بین الاقوامی خبرایجنسیوں کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک مسافر ٹرک سڑک کے قریب نصب بم کی زد میں آگیا۔
دھماکے کے نتیجے میں مرنے والوں میں 4 خواتین اور 6 بچے بھی شامل ہیں، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دھماکہ شدت پسند گروہوں کی جانب سے کیا گیا معلوم ہوتا ہے تاہم تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
بورنو ریاست کئی برسوں سے شدت پسند تنظیم بوکوحرام اور دیگرعسکریت پسند گروہوں کی سرگرمیوں کا مرکز رہی ہے، جہاں شہری اکثر دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں۔
حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں،عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور جائے وقوعہ پر خوفناک مناظر دیکھنے کو ملے۔