از قلم: شعبہ تحقیق، ریپبلک پالیسی
Muhammad Tauqir / Translated from English
پاکستان باصلاحیت، محنت کش اور بلند حوصلہ افراد کی سرزمین ہے جن کے پاس قومی ترقی میں بھرپور حصہ ڈالنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ڈاکٹروں اور انجینئرز سے لے کر اساتذہ، محققین، سائنسدانوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین تک، پاکستان نے ایسے کتنے ہی نام پیدا کیے جنہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تاہم، تعلیم یافتہ اور ماہر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بہتر مواقع کی تلاش میں بیرونِ ملک کا رخ کر رہی ہے۔ باصلاحیت افراد کی اس نقل مکانی کو “برین ڈرین” کہا جاتا ہے۔
ایک مشہور مقولہ ہے کہ “دماغ، دلوں کی طرح وہیں جاتے ہیں جہاں ان کی قدر کی جاتی ہے۔” لوگ فطرتاً ایسے ماحول کو ترجیح دیتے ہیں جہاں ان کی صلاحیتوں کو پہچانا جائے، ان کی محنت کا صلہ ملے اور ان کا مستقبل محفوظ دکھائی دے۔ لہٰذا، برین ڈرین کو محض وطن چھوڑنے کی خواہش کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے، بلکہ یہ ان معاشی، سیاسی، تعلیمی اور ادارہ جاتی حالات کا عکاس ہے جو لوگوں کے فیصلوں کو تشکیل دیتے ہیں۔
پاکستان کے لیے برین ڈرین ایک سنگین ترقیاتی چیلنج بن چکا ہے۔ ملک اپنے شہریوں کی تعلیم و تربیت پر وسیع وسائل صرف کرتا ہے, لیکن جب یہ باصلاحیت افراد مستقل طور پر بیرونِ ملک منتقل ہو جاتے ہیں, تو ان کے علم اور تجربے کا زیادہ تر فائدہ دوسری معیشتوں کو پہنچتا ہے۔
تحقیق اور جدت میں ناکافی سرمایہ کاری
پاکستان میں برین ڈرین کی ایک بڑی وجہ تحقیق، ایجادات اور ترقی میں محدود سرمایہ کاری ہے۔ جدید معیشتیں اس بات کو اچھی طرح سمجھتی ہیں کہ سائنسی ترقی اور معاشی نمو کے لیے تحقیق ناگزیر ہے۔ اس کے برعکس، پاکستانی جامعات اور تحقیقی ادارے اکثر مالیاتی حدود، ناکافی لیبارٹریز اور مواقع کی کمی کا شکار رہتے ہیں۔ بہت سے باصلاحیت طلباء فنڈنگ کی عدم دستیابی کے باعث اپنی تعلیمی دلچسپیوں کو آگے نہیں بڑھا پاتے۔
معاشی عدم مساوات اور بے روزگاری
معاشی عدم مساوات برین ڈرین کی ایک اور اہم وجہ ہے۔ پاکستان کو آمدنی، روزگار مواقع اور معیاری تعلیم تک رسائی کے معاملے میں گہرے چیلنجز کا سامنا ہے۔ غریب پس منظر سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت افراد کو اکثر ایسے مواقع تلاش کرنے میں دشواری ہوتی ہے جو ان کی قابلیت سے مطابقت رکھتے ہوں۔ بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی غیر یقینی صورتحال پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے ایک مستحکم مستقبل بنانا مشکل بنا دیتی ہے۔
حفاظتی خدشات اور سیاسی عدم استحکام
سلامتی کے خدشات اور سیاسی عدم استحکام بھی ہجرت کے فیصلوں کو متاثر کرتے ہیں۔ لوگ ایسے معاشروں میں رہنا پسند کرتے ہیں جہاں ان کی جان، مال، پیشہ ورانہ کیریئر اور بنیادی حقوق محفوظ ہوں۔ پاکستان کو طویل عرصے سے دہشت گردی، سیاسی بے یقینی اور ادارہ جاتی عدم استحکام کا سامنا رہا ہے۔ اقتصادی غیر یقینی کی وجہ سے پیشہ ور افراد کے لیے اپنے طویل مدتی کیریئر کی منصوبہ بندی کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
برین ڈرین کو برین گین میں کیسے بدلا جائے؟
اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے صرف یہ کہنا کافی نہیں ہے کہ باصلاحیت افراد پاکستان میں ہی رہیں۔ حکومت کو ایسے حالات پیدا کرنے ہوں گے جو ملک میں رکنے کو ایک پرکشش اور فائدہ مند انتخاب بنا دیں۔
- تعلیم اور تحقیق کا فروغ: جامعات، لیبارٹریز، سائنسی تحقیق اور جدت طرازی میں زیادہ سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ریسرچ گرانٹس اور بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری کو فروغ دینا چاہیے۔
- معاشی استحکام اور میرٹ: مستقل معاشی پالیسیاں، سازگار کاروباری ماحول، اور شفاف بھرتی کے نظام ہنر مند افراد کو پاکستان میں کیریئر بنانے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔
- بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے روابط: ہر وہ شخص جو ہجرت کرتا ہے اسے مستقل طور پر واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تارکینِ وطن پیشہ ور افراد تعلیمی شراکت داری، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے اپنی مہارت کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے پاس انسانی سرمائے کی صورت میں سب سے قیمتی اثاثہ موجود ہے۔ جب میرٹ کی قدر کی جائے گی، اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا اور مواقع پیدا کیے جائیں گے، تو باصلاحیت افراد کے پاس یہیں رکنے کے لیے مضبوط وجوہات ہوں گی۔ پاکستان کا مستقبل اس حقیقت کو بدلنے پر منحصر ہے!









