صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں تعنیات سعودی عرب کے سبکدوش ہونے والے سفیر نواف بن سعید المالکی کی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی، برادرانہ اور اسٹراٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد کے ایوانِ صدر میں سعودی سفیر سے ایک الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور اسٹراٹیجک شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاه سے دیکھتا ہے اور مملکت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفیر نواف کی مدتِ ملازمت کے دوران قائم ہونے والی مضبوط بنیاد آنے والے سالوں میں بھی دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، جو ۲۰۱۸ء سے پاکستان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، نے اپنی تعیناتی کے دوران ملنے والے تعاون اور محبت پر صدرِ مملکت، حکومت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
: صدر آصف علی زرداری کا سبکدوش ہونے والے سعودی سفیر کی خدمات کو خراجِ تحسین









