وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک سے آن لائن منگوائی جانے والی اشیاء اور خدمات پر عائد ڈیجیٹل ٹیکس مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد آن لائن خرید و فروخت کو آسان بنانا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق یہ فیصلہ یکم جولائی سے مؤثر ہوگا، یعنی اس تاریخ کے بعد ایسی تمام بیرونی کمپنیوں کی مصنوعات اور خدمات پر ڈیجیٹل ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے ان کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی اشیاء اور آن لائن خدمات پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا تھا جو پاکستان میں براہِ راست دفاتر نہیں رکھتیں۔ اس پالیسی کے تحت آن لائن اسٹری مینگ، ایپس، گیمز، ڈیجیٹل رکنیت اور مختلف ای کامرس پلیٹ فارمز پر کی جانے والی خریداری بھی شامل تھی۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک خصوصی شق شامل کی گئی تھی، جس کے مطابق وفاقی کابینہ کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ عوامی مفاد یا معاشی ضرورت کے تحت اس ٹیکس کو معاف کر سکتی ہے۔ اسی شق کے تحت وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل ٹیکس کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا، جس سے آن لائن خریداری کرنے والے صارفین کو براہِ راست ریلیف ملے گا اور ای کامرس مارکیٹ میں تیزی آنے کی توقع ہے۔









