پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کرنے والے بیرسٹر سلمان صفدر نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اس ملاقات سے متعلق کسی قسم کا بیان نہ دیں۔
راولپنڈی میں سلمان صفدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کر دیتے، وہ اس معاملے پر خاموش رہیں گے کیونکہ اس ضمن میں عدالت سے ایک کمٹمنٹ کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر نے ملاقات کے دوران خاص طور پر تاکید کی ہے کہ وہ میڈیا سے کچھ بھی شیئر نہ کریں، تمام حقائق عدالت کو رپورٹ کیے جائیں گے۔ اسی لیے وہ اس مرحلے پر کسی قسم کی وضاحت یا تبصرہ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی چیئرمین کی صحت تسلی بخش ہے اور ملاقات کے دوران انہیں مکمل رسائی دی گئی۔








