پشاور: جمیعت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا ہے کہ احتجاج ایک سے زائد دن کا ہوسکتا ہے جس کے پیش نظر کارکنان کو ایک سے زائد دن کے کپڑے اور خوراک ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔
پشاور میں مفتی محمود مرکز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ مرکزی امیرمولانا فضل الرحمن نے پوری قوم کو15 مئی کےاحتجاج کی کال دی ہے، سپریم کورٹ کے ججوں کے رویے اور فیصلے کے خلاف پوری قوم اسلام آباد کا رخ کرے گی۔
مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ ہم نےاضلاع کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دن دس بجے ہکلہ پہنچ جائیں جہاں سے اکٹھے ہوکر قافلے کی صورت میں اسلام آباد جائیں گے، انصار الاسلام کے دس ہزار اہلکار سیکورٹی کے لیے موجود ہوں گے، ہر انٹرچینج سے ساتھی جلوس میں شامل ہوتے رہیں گے، یہ واضح نہیں کہ احتجاج ایک دن کا ہے یا زیاد دنوں کا اس لیے ورکر خوراک اورکپڑے ساتھ لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کو بھرپور شرکت کے لیے کہا گیا ہے، ہمارابھی یہاں ان سے رابطہ ہے، ہرویلیج اورنیبرہڈ کی سطح پرپانچ بڑی گاڑیوں کولانے کا کہا گیا ہے۔









