کراچی: عدالت نے عامر لیاقت کی تیسری بیوہ دانیہ شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دانیہ شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں معروف ٹی وی اینکر و رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ویڈیوز طارق روڈ کے علاقے میں بنائی گئیں ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر طارق روڈ تھانے کی حدود میں بنائی گئیں تو وہاں کی عدالت میں پیش کریں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ یہ ویڈیوز پورے پاکستان میں دیکھی گئیں ہیں، آپ کی عدالت کا بھی اختیار ہے۔
ملزمہ دانیہ شاہ نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں نے وائرل نہیں کی یہ سب جائیداد کی وجہ سے میرے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تفتیشی افسر ملزمہ کو متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔ ایف آئی اے اگر چاہے تو جیل میں جا کر تفتیش کر سکتی ہے۔ مدعی کے وکیل نے مؤ قف دیا کہ ملزمہ اکیلی نہیں بلکہ یہ ایک پورا گینگ ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دانیہ شاہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔