ممبئی: بھارت نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ممبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے دی۔ 397 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
محمد شامی نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار بولنگ پر محمد شامی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بھارتی بلے بازوں ویرات کوہلی اور شریاس ایرنے شاندارسنچریاں بنائیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا۔ دونوں اوپنرز صرف 39 کے مجموعی اسکور پر 13، 13 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان کین ولیم سن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں کے مابین 181 رنز کی شراکت ہوئی لیکن 220 کے مجموعی اسکور پر ولیم سن 69 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
کین ولیم سن کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ بھی فوراً گر گئی، ٹام لیتھم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ گلین فلپس 41، مارک چپ مین 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
46 ویں اوور میں ڈیرل مچل بھی 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
مچل سانٹنر اور ٹم سوتھی 9، 9 اور لوکی فرگوسن 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ٹرینٹ بولٹ دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 7 وکٹیں لیں۔ جسپریت بمراہ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 117 اور شریاس ایر 105 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹِم ساؤتھی نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے 1 وکٹ حاصل کی۔