امریکی ریاست مسی سیپی میں مسافر بس حادثے میں 6 سالہ بچے سمیت 7 افراد ہلاک اور 37 مسافر زخمی ہوگئے۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک بس درجنوں مسافروں کو لے کر اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ بس سڑک سے موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے میں 7 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ مرنے والوں میں ایک 6 سالہ بچہ اور ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے جبکہ بس میں زیادہ تر مسافر لاطینی امریکا سے تعلق رکھتے تھے۔
ویرین کاؤنٹی کے شیرف مارٹن پیس نے بتایا کہ جب بھی لوگ زخمی یا جاں بحق ہوتے ہیں تو یہ دردناک ہوتا ہے لیکن جب اس طرح کی صورت حال ہو جہاں آپ کے سامنے زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتو صورت حال مزید خراب ہوجاتی ہے۔