ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ مجموعی شارٹ فال تقریباً 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کا سامنا ہے، جہاں بعض مقامات پر روزانہ 10 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بھی 6 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ رپورٹ کی جا رہی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 5 سے 6 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ پشاور کے شہری علاقوں میں تقریباً 6 گھنٹے اور دیہی و نواحی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی متاثر رہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں صورتحال مزید سنگین ہے، جہاں 10 سے 12 گھنٹے جبکہ دور دراز دیہی علاقوں میں 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری رہتی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں صورتحال نسبتاً بہتر ہوئی ہے، جہاں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کمی دیکھی گئی ہے۔ پہلے جہاں 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند رہتی تھی، اب یہ دورانیہ کم ہو کر 2 سے 3 گھنٹے رہ گیا ہے۔









