190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
عدالت کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں باقاعدہ طور پر سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔ دونوں شخصیات نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سنائی گئی سزاؤں کو چیلنج کر رکھا ہے۔
رجسٹرار آفس نے سماعت سے متعلق کاز لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل یہ کیس 22 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں سماعت مؤخر ہوگئی تھی۔









