اسلام آباد: مستعفی ہونے والے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ کسی کے خلاف جھوٹا مقدمہ نہیں چلا سکتا۔
آفتاب سلطان نے نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، بہت خوش اور مطمئن ہوں کہ اپنے اصولوں پرکاربند ہوں اور کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکا۔
مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/majouda-aur-pichli-hakumat-main-nab-taramim-sy-mustafeed/
آفتاب سلطان نے کہا کہ اپنی زندگی اور پیشہ ورانہ کیریئر میں قانون کے مطابق کام کرنے کی کوشش کی اور اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، میں کسی کے خلاف جھوٹا مقدمہ نہیں چلا سکتا، نہ ہی کسی کے خلاف قائم ریفرنس محض اس بنیاد پر بند کرسکتا ہوں کہ مجرم کسی بااثر شخص کا رشتہ دار ہے۔
آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ ہمارا آئین ہمارے تمام مسائل کا حل فراہم کرتا ہے، آئین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے آج ہم سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہیں، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے نیب کے نوجوان افسران پر مکمل اعتماد ہے۔