پاکستان نے پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات اور منفی پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوششیں غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ افسوس ہیں۔ ان کے مطابق بھارت خطے کی صورتحال کو سیاسی فائدے کے لیے مسخ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے مسلسل سفارتی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ بھارت داخلی مقاصد کے تحت گمراہ کن بیانیہ تشکیل دے رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت کے الزامات ایک منظم مہم کا حصہ دکھائی دیتے ہیں، جس کا مقصد عالمی توجہ کو اہم مسائل سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں حقِ خودارادیت کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔
مزید برآں، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کا اقدام بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا گیا۔
ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانے پر آمادہ کرے اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے سے روکے۔









