شہباز شریف کی توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے نئی ہدایات

[post-views]
[post-views]

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مؤثر بنانے اور لائن لاسز میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

لاہور میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق اجلاس کے دوران وزیراعظم کو گھریلو اور صنعتی صارفین کی بجلی کھپت سے متعلق مختلف تجاویز اور سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں میرٹ آرڈر کے برخلاف چھوٹے پاور پروڈیوسرز سے بجلی خریدنے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صنعتی اور گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور جامع پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دیا جائے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے، جبکہ گھریلو صارفین کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں کی جانے والی تمام اصلاحات عوامی اور صنعتی مفاد کو سامنے رکھ کر نافذ کی جائیں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos