لاہور: پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تصویر کسان کارڈ پر نہ چھاپنے کا حکم دے دیا۔
اس سے قبل کسان کارڈ پر سابق وزیراعظم کی تصویر چھاپنے کے پنجاب حکومت کے مجوزہ فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مشکور حسین نامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں وزیر اعلیٰ، صوبائی حکومت اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ندیم سرور نے دلائل دیے جبکہ سرکاری وکیل نے پنجاب حکومت کی رپورٹ پیش کی۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عوامی فنڈز ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کیے جا سکتے اور کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر چسپاں کرنا خلاف قانون ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ کی منظوری دے دی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی پیسہ ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت کسان کارڈ نہیں لا رہی جس پر نواز شریف کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔
عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ اگر حکومت ایسا قدم اٹھاتی ہے تو درخواست دوبارہ دائر کی جائے۔
بعد ازاں عدالت کے اصرار پر درخواست گزار نے درخواست واپس لے لی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.