تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ اگر دوست ممالک اپنے فنڈز واپس مانگ لیں تو پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ساڑھے تین ارب ڈالر کی واپسی کے مطالبے پر حکومتی حلقوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔
اسلام آباد میں سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے 16 ارب ڈالر زرمبادلہ ذخائر میں سے ساڑھے 12 ارب ڈالر دوست ممالک کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں ملکی جی ڈی پی کی صورتحال انتہائی خراب رہی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری 1974 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 50 برس کی بدترین سرمایہ کاری دیکھی گئی ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں مہنگائی زیادہ ہے، جبکہ کئی پرانی بین الاقوامی کمپنیاں بھی ملک چھوڑ کر جا چکی ہیں۔









