سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جی سیون اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

[post-views]
[post-views]

دبئی: سعودی ولی عہد اور ملک کے عملی حکمران، محمد بن سلمان، آئندہ ہفتے کینیڈا میں ہونے والے جی سیون اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ایک اعلیٰ سفارتی ذریعے کے مطابق، ولی عہد نے اجلاس میں شرکت سے معذرت تو کی ہے، تاہم اس فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔

اگرچہ سعودی عرب جی سیون کا رکن نہیں ہے، لیکن اُسے بطور مہمان مدعو کیا جا سکتا ہے۔ رواں سال یہ اجلاس 15 سے 17 جون تک کینیڈا کے پہاڑی علاقے کاناناسکس میں منعقد ہو رہا ہے۔

محمد بن سلمان نے حالیہ برسوں میں بین الاقوامی دورے محدود کر دیے ہیں۔ گزشتہ سال بھی انہوں نے اٹلی میں ہونے والے جی سیون اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی، جب کہ جاپان کا ایک طے شدہ دورہ والدِ محترم شاہ سلمان کی صحت کے پیش نظر مؤخر کر دیا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

کینیڈا کے اخبار دی گلوب اینڈ میل کے مطابق، ولی عہد کی عدم شرکت سے وزیر اعظم مارک کارنی کی لبرل پارٹی میں پیدا ہونے والی اندرونی کشیدگی میں کمی آ سکتی ہے، جہاں بعض ارکان نے ایم بی ایس کو دعوت دیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

سعودی ولی عہد کو انسانی حقوق کے ریکارڈ پر عالمی سطح پر تنقید کا سامنا رہا ہے، تاہم سعودی حکومت ان الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے۔

اجلاس میں یوکرین، بھارت، جنوبی کوریا، برازیل، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور میکسیکو کے رہنما بھی شریک ہوں گے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت بھی متوقع ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos