وزیراعظم محمد شہباز شریف نے محدود وسائل کے باوجود ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران کیا۔
وزیراعظم کی آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بعد ازاں نیول ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے نیول ایئربیس تربت پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کے لیے پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ ردعمل کو خاص طور پر سراہا۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط معیشت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
نیول چیف نے وزیراعظم کے دورے اور بحریہ پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کا دفاع جاری رکھے گی اور امن اور جنگ دونوں کے دوران اپنے فرائض عزت کے ساتھ ادا کرے گی۔
نیول چیف نے وزیراعظم کو پاک بحریہ کے کردار، صلاحیتوں اور مستقبل کی جدید کاری کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کو خاص طور پر میری ٹائم ڈومین میں ملک کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت کی ضروریات سے آگاہ کیا گیا۔
انہیں میری ٹائم سیکٹر کے معاشی امکانات سے فائدہ اٹھانے کے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.