یروشلم، تہران، بیروت: اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو اسرائیل کے خلاف مبینہ منصوبہ بندی کی وجہ سے نشانہ بنایا اور خبردار کیا کہ اگر کوئی ایرانی رہنما اسی پالیسی کو آگے بڑھائے گا تو اسے بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔ خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر دیے گئے اس بیان پر تہران نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنی قیادت یا عوام کے خلاف ہر دھمکی کا فوری اور بھرپور جواب دے گا۔ ادھر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد مشکل ضرور ہے مگر ممکن ہے، تاہم ایران اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے لبنان میں پائیدار امن کے لیے ایران کے کردار کو بھی ناگزیر قرار دیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں کئی مکانات مسمار کیے جبکہ امریکی ثالثی میں سرحدی علاقوں سے مرحلہ وار انخلا پر مذاکرات جاری رہے۔









