بلاگ تلاش کریں۔

مشورہ

وفاقی حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں اضافے کی منظوری دے دی

[post-views]
[post-views]

وفاقی حکومت نے جمعہ کے روز پٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے شرح میں اضافے کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک گیر ہڑتال مؤخر کرنے کے بعد سامنے آیا، جس نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کے منافع میں اضافے کی یقین دہانی ملنے پر اپنی مجوزہ ہڑتال ملتوی کر دی تھی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے بتایا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم نے ان سے ٹیلی فون پر تقریباً نصف گھنٹے تک گفتگو کی اور ڈیلرز کے منافع میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم نے وزیراعظم سے خصوصی منظوری حاصل کرنے کے بعد منافع میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کا عندیہ دیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے وزارتِ پٹرولیم کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا اور موٹر اسپرٹ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز کے منافع میں نظرثانی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ پیش رفت حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ مذاکرات میں تعطل کے بعد پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے غیر معینہ مدت کی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ملک خدا بخش کے مطابق مذاکرات کے دوران حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے موجودہ نظام میں تبدیلی سے انکار کیا، تاہم ڈیلرز کو 1.34 روپے کے منافع میں اضافے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط تھی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم کے رویے کے پیش نظر ڈیلرز کا وفد فوری طور پر کراچی روانہ ہوا اور ایسوسی ایشن کی مجلسِ عاملہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos
[youtube-feed feed=2]