پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے بیٹے قاسم خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
اپنے بیان میں قاسم خان نے بتایا کہ ان کے والد گزشتہ 914 روز سے قیدِ تنہائی میں ہیں، جس کے باعث ان کی صحت مسلسل متاثر ہو رہی ہے، جبکہ انہیں مناسب اور آزادانہ طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی کئی بار والد سے ملنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، تاہم حکومت دانستہ طور پر ان کی ویزا درخواستوں کو التوا میں رکھے ہوئے ہے۔
قاسم خان کے مطابق کسی قیدی کو علاج سے محروم رکھنا سراسر ناانصافی ہے، اور بچوں کو اپنے والد سے ملاقات سے روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔
انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال پر فوری توجہ دیں اور کسی ناقابلِ تلافی نقصان سے پہلے آواز بلند کریں۔








