وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو ایک بار پھر سیاسی و معاشی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ وہ بارہا “میثاقِ معیشت” اور “میثاقِ جمہوریت” کی تجویز دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کے باوجود پاکستان سب سے مقدم ہے اور اس کے لیے ہر قربانی کم ہے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو توجہ سے سننے کا ذکر بھی کیا۔
سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں 22 جوان شہید ہوئے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کے مالی وسائل پر ان کے حقوق تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے ریکوڈک معاہدے اور این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں اضافے کو صوبے کے ساتھ مشاورت کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سولر پینلز کی فراہمی اور گوادر تا چمن شاہراہ کی تعمیر جاری ہے، جو خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔








