پاور ڈویژن نے نیٹ میٹرنگ کی 11 ہزار 695 زیر التوا درخواستیں نمٹا دی ہیں اور متاثرہ صارفین کو ان کے معاملات سے متعلق آگاہ کرنے کے لیے براہ راست رابطے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
ہفتے کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ان درخواستوں پر وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایات پر کارروائی کی گئی۔
اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام اہل صارفین کو متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ان کا حق ملے اور انہیں اپنی درخواستوں کی کارروائی مکمل کرانے کے لیے کسی ایجنٹ، واسطہ کار یا تیسرے فریق پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ نظام کی جانب منتقلی کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیر التوا تھیں۔ اس کے بعد حکام نے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے جامع جانچ اور تصدیق کا عمل شروع کیا۔
پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے بھی صارفین سے براہ راست رابطہ شروع کر دیا ہے تاکہ انہیں درخواستوں کی تصدیق اور آئندہ مراحل کے بارے میں بروقت اور قابل اعتماد معلومات فراہم کی جاسکیں۔
صارفین سے مختصر پیغامات، واٹس ایپ اور دیگر برقی ذرائع کے ذریعے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ درخواستوں کی کارروائی تیز کرانے یا انہیں مزید آگے بڑھانے کے لیے کسی شخص یا واسطہ کار کو کوئی فیس یا رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔
باقی 4 ہزار 959 درخواستوں کی جانچ اور تصدیق کا عمل جاری ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ عوام کی جائز شکایات کو غیر ضروری تاخیر یا مداخلت کے بغیر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو باقی زیر التوا درخواستوں کی جانچ کا عمل تیز کرنے اور ہر صارف کو اس کے معاملے کی صورت حال کے بارے میں واضح اور شفاف معلومات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔







