وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کوئٹہ میں قومی ذرائع ابلاغ کے اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ویڈیو رابطے کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز مشکل اور کٹھن حالات میں بے مثال خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اس سے قبل کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی، معدنیات و کان کنی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق اہم بریفنگز دی گئیں۔
محکمہ منصوبہ بندی و ترقی نے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی اہم حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، دستیاب مالی وسائل کے مؤثر استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کے فوائد عوام تک پہنچانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ایک علیحدہ بریفنگ میں بلوچستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے کی استعداد اور جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ معدنی شعبے کی ترقی اور صوبے کے معدنی وسائل سے بلوچستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے صوبے میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس میں صوبائی عملی منصوبے پر عمل درآمد، پولیس اصلاحات اور بالخصوص لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔









