کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے ریلیف والے نرخوں پر پانچ ضروری اشیاء کے لیے وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کو رواں سال اگست سے اگلے سال 30 جون تک جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منظوری اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس نے ہدایت جاری کی کہ آٹے کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ای سی سی نے ترسیلات زر کی آمد کو بہتر بنانے اور باضابطہ ذرائع سے ترسیلات زر کی زیادہ سے زیادہ آمد حاصل کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مراعات کی اسکیموں میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی۔
Don’t forget to Subscribe our Channel & Press Bell Icon.
اس سال اپریل، مئی اور جون کی کھپت پر لاگو ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے کے-الیکٹرک کے لیے ٹیرف کی بھی منظوری دی جو صارفین سے بالترتیب تین ماہ (جولائی، اگست اور ستمبر 2023) میں وصول کیا جائے گا۔
ای سی سی نے ایران کے ساتھ 104میگاواٹ کی موجودہ سپلائی کے لیے بجلی کے ٹیرف میں توسیع کے معاہدے میں ترمیم کی منظوری دی، اضافی سپلائی کے لیے ٹیرف پر بات چیت کی اور پولان ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے اس سال 16 مارچ سے 100میگا واٹ کی اضافی سپلائی کے لیے ٹیرف پر اتفاق کیا گیا۔
میڈیا ورکرز، صحافیوں اور فنکاروں کے لیے پرائم منسٹر صحت انشورنس اسکیم اور فلم فنانس فنڈ کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کے حق میں 3000 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
مالی سال 2023-24 کے دوران سکیورٹی سے متعلق ضروریات کے لیے وزارت دفاع کے حق میں 500 ملین روپے مالیت کی ایک اور تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔