اسرائیلی فوج نے مشرقی خان یونس میں بے گھر افراد کیلئے قائم عارضی پناہ گاہیں مسمار کر دیں اور فلسطینیوں کو علاقہ بدری کا حکم دے دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوج بربریت تھم نہ سکی، مشرقی خان یونس میں جنگ سے متاثرہ بے گھر افراد کیلئے قائم عارضی پناہ گاہیں مسمار کر دی گئیں، اسرائیلی فوج نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر کے فلسطینی شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم بھی دے دیا، خان یونس میں فعال آخری یورپین ہسپتال کے مریضوں کو بھی نکال دیا گیا۔
دوسری جانب غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ حماس کے جنگجوؤں کی جھڑپیں جاری ہیں، شہر تل کرم میں آپریشن کے دوران حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کے مارے جانے کی تصدیق کی گئی ہے، آپریشن کے باعث اسرائیل کی جانب سے جبری بے دخلی کے بعد فلسطینیوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیل نٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہماری افواج نے غزہ کی پٹی میں حماس کا گلا گھونٹ دیا ہے، حماس جنگ سے تھک کر چُور ہو چکی اور اب دوبارہ سنبھلنے کی پوزیشن میں نہیں رہی، حماس کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم رفح، شجاعیہ اور پوری غزہ کی پٹی میں ایک مشکل جنگ لڑ رہے ہیں، یہ جنگ زمین پر اور زیر زمین سرنگوں میں دو بدو لڑی جا رہی ہے، ہم غزہ جنگ میں ایسے مقامات پر پہنچ گئے جہاں تک پہنچ پانے کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.