Premium Content

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی گرفتار

Print Friendly, PDF & Email

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو تھری ایم پی او کے تحت چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہنگاموں اور آتش زنی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے۔

گذشتہ روز پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ گرفتار نہ ہوسکے تھے۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی خبریں آئیں تھیں تاہم انھوں نے اپنی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ غلط معلومات، افراتفری اور دہشت پھیلانے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، خبردار کرتا ہوں کہ یہ ایک بہت بڑی غلطی ہے، پاکستانی عوام مزید گھروں میں نہیں بیٹھیں گے ہمیں کوئی ڈر نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کارکنوں کیلیے واضح پیغام ہے کہ میرے حوصلے بلند ہیں، ان کا پیغام ہے کہ آپ نے حوصلہ نہیں ہارنا، پیغام آگے بڑھانے کیلیے ریجنل اور ضلعی سربراہان کا اجلاس طلب کیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ عمران خان خیریت سے ہیں اور پہلے سے زیادہ پُرعزم ہیں، وہ کارکنان کی شہادتوں پر رنجیدہ ہیں۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں اسد عمر اور فواد چوہدری کو گرفتار کیا جاچکا ہے، اسدعمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے اور فوادچوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos