اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سان چیز نے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سان چیز نے کہا ہے کہ فلسطین پر مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، امن کا قیام ہم سب کی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخی لمحہ ہے۔
ہسپانوی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کابینہ آج فلسطین کو باضابطہ تسلیم کرنے کی منظوری دے گی، اسپین غزہ پٹی اور مغربی کنارے سمیت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنا تاریخی ہے، ہم سب کا مقصد امن قائم کرنا ہے، اسپین 1967ء کے بعد فلسطینی سرحدوں میں کسی تبدیلی کو تسلیم نہیں کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے اس اقدام کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد 146 ہو گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ناروے اور آئرلینڈ بھی آج باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرینگے۔
دوسری جانب آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ یورپی یونین غزہ میں اسرائیلی جنگ پر اسرائیل کے خلاف پابندیوں پر غور کر رہا ہے۔
مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی عدالت کا فیصلہ نہیں مانتا تو اس پر یورپی یونین کی پابندیاں لگ سکتی ہیں، اسرائیل کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کی آئرلینڈ حمایت کرے گا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.