وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہو ا جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/bannu-cantt-operation-complete-all-terrorists-killed/
عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان رابطے بہتر بنانے کے لیے نیکٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ حملوں پر بریفنگ دی گئی، خفیہ اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں قومی سلامتی کمیٹی اہم فیصلوں کی منظوری دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/wazire-azam-shahbaz-sharif-sy-armi-chief-general/
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی ملاقات کی تھی جس میں ملکی سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔