ملک بھر میں ائیرفورس کے شہیدوں اورغازیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔
پاک فضائیہ وطن عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، اس کا ہر فرد ملک کی فضائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے قومی دفاع کے لئے جرات اور بہادری کے ایسےلازوال کارنامے سرانجام دئیے جو تاریخ کا حصہ بن گئے، اسکواڈرن لیڈر سرفراز احمد رفیقی شہید جیسے ہیروز ہوں یا ایم ایم عالم جیسے جری پائلٹ جس نے صرف ایک منٹ میں پانچ بھارتی طیارے مارگرانے کا حیران کن کارنامہ انجام دیا، پاک فضائیہ عوام کے لئے فخر کا باعث ہے۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی رہنمائی میں پی اے ایف نے جدید ٹیکنالوجیز کے ساتھ ساتھ خلائی اورسائبر جنگ کے شعبوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے۔پاکستان ایئرفورس کا انٹی گریٹڈ ایئر ڈیفنس سسٹم آسمانوں میں ایک مضبوط قلعے کے طور پر کھڑا ہے، جدید جنگ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انسان اور مشین کا امتزاج تخیل کو موہ لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقینی بنایا گیا ہے کہ پی اے ایف کے اہلکار ضروری مہارتوں اور علم سے لیس رہیں۔ نیشنل ایرو اسپیس سائنس سنٹر اور ٹیکنالوجی پارک نے پی اے ایف کے عزم کو مزید واضح کیا ہے۔ پاک فضائیہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے تناظر میں دفاع وطن کے لئیے ہمہ وقت تیار ہے۔