اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے رہا کیے جانے والے 6 یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی روک دی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ جب تک مزید یرغمالیوں کی رہائی محفوظ نہیں ہو جاتی فلسطینی قیدی رہا نہیں کئے جائیں گے۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے ہفتے کو 6 اسرائیلی یرغمالی رہا کیے تھے، اسرائیل نے آج 600 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی اس وقت تک موخر کی ہے جب تک ہمارے اگلے قیدیوں کی رہائی عزت کو مجروح کرنے والی تقریبات کے بغیر نہیں ہوتی۔
دوسری جانب مغربی کنارے سے سامنے آنے والی ویڈیو میں فلسطینی قیدیوں کے اہلِ خانہ کو سخت سردی میں اپنے پیاروں کا انتظار کرتے ہوئے دکھایا گیا، جو بعد میں منتشر ہوتے نظر آئے۔