پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن، امن و امان میں نمایاں بہتری آئی: مریم نواز

[post-views]
[post-views]

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ماضی میں سیاسی اختلاف کو دشمنی میں بدل کر عوام کو تشدد، جلاؤ گھیراؤ اور فساد کی راہ دکھائی گئی، جس کا نقصان پوری قوم نے اٹھایا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج پر انہیں کوئی اعتراض نہیں، تاہم خیبر پختونخوا کی قیادت کی اصل ذمہ داری اپنے عوام کی خدمت اور جواب دہی ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ بسنت کی بحالی سے کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، بیرونِ ملک سے بھی لوگ لاہور آ رہے ہیں اور شہر کے ہوٹل مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہتھیار اٹھانے والے گروہ دین کو بدنام کرتے ہیں، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ بسنت کو مکمل تحفظ کے ساتھ منایا جائے، جس میں خیبر پختونخوا کے لوگ بھی معاشی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ عوام فتنے فساد کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور پنجاب جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ گٹروں کے ڈھکن چوری کرنے، بیچنے اور خریدنے والوں کے لیے دس سال تک قید اور بھاری جرمانے پر مشتمل نیا قانون لایا جا رہا ہے۔

مریم نواز کے مطابق بسنت کے لیے سخت حفاظتی انتظامات اور مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے، جبکہ صوبے میں خوبصورتی کے متعدد منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں تقریباً ستر فیصد بہتری آ چکی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos