وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نئے رہنما مجتبیٰ خامنہ ای کو خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کی اعلیٰ قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام ایرانی قوم اور پوری امت مسلمہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کی خبر نے پاکستانی عوام کو شدید صدمے میں مبتلا کیا ہے اور پاکستان اس غم کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں ایران مستقبل میں امن، استحکام، وقار اور ترقی کی جانب آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر قائم ہیں۔
اپنے خط میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھے گا۔









