عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا دائرہ وسیع، مزید ملزمان شامل

[post-views]
[post-views]

ایف آئی اے کے سرکاری وکیل نے ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف کیس کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اسپیشل سرکاری وکیل واثق ملک نے بینکنگ عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں دو نئے ملزمان اور ایک نیا گواہ شامل کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ سماعت پر مکمل چالان عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

سماعت کے دوران عدالت نے کیس میں شامل ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں 14 اپریل تک توسیع کر دی اور اگلی پیشی پر چالان طلب کر لیا۔

بینکنگ عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر تفتیشی افسر طبیعت خراب ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے، تاہم سرکاری وکیل عدالت میں موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چالان تیار ہو چکا ہے اور جلد عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا، جبکہ مقدمے میں مزید دو افراد کو ملزم اور ایک کو گواہ بنایا گیا ہے۔

آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر چالان عدالت میں جمع کرائیں گے، جس میں ایف آئی اے نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر افراد کو ملزم نامزد کیا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 14 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے چالان جمع کرانے کا حکم دیا اور نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی اسی تاریخ تک توسیع کر دی، جس کے باعث انہیں گرفتاری سے تحفظ حاصل رہے گا۔

ایف آئی اے نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos