یومِ دستور: وزیراعظم شہباز شریف کا قومی اتحاد اور ترقی کے عزم کا اعادہ

[post-views]
[post-views]

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے عالمی برادری میں باوقار مقام برقرار رکھے گا۔

یومِ دستور (10 اپریل) کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قوم آج آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے اور اس تاریخی موقع پر آئین کے خالقین کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین ریاست اور عوام کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے، جو دونوں کے حقوق اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کرتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے ملک میں پارلیمانی جمہوریت اور مضبوط ادارہ جاتی نظام کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1973 کا آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ ہے اور ان کے تحفظ و فراہمی کے لیے جامع قانونی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی آئین وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور اجتماعی ترقی کی بنیاد ہے، جہاں تمام صوبے اپنے آئینی کردار کو مؤثر انداز میں ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس قومی اتفاق کو اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حاصل عزت و وقار پر ہم شکر گزار ہیں اور ملک مستقبل میں بھی سربلند ہو کر ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos