آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے ملک بھر میں کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں فیڈریشن کے نمائندوں اور بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے وفود نے سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور محسن رانا سے اہم ملاقات کی، جس میں عوامی سہولت، بڑھتے ہوئے سفری اخراجات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیڈریشن نے باضابطہ طور پر کرایوں میں 25 فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا، جس کا مقصد مہنگائی کے بوجھ سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ سفر کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
مزید برآں، انٹر سٹی بس سروس فراہم کرنے والی 6 بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے آپریشن منیجرز نے بھی سیکریٹری آر ٹی اے کی موجودگی میں اسی شرح سے کرایوں میں کمی کرنے کی تصدیق کی۔
یہ اقدام نہ صرف مسافروں کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے بلکہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔









