فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ ایران کے دوران صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی سلامتی صورتحال، پائیدار امن کے قیام اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور صدر پاکستان، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات ایرانی قیادت تک پہنچائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ خطے میں تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن انداز میں حل کیا جائے اور دیرپا استحکام کو فروغ دیا جائے۔
تین روزہ دورے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تھے۔









