وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ڈیزل کے بعد پیٹرول کی قیمت میں بھی آئندہ جمعہ کو کمی کا امکان ہے۔ اس کا فیصلہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چار سال بعد دوبارہ بین الاقوامی یوروبانڈ مارکیٹ میں جانے کے قابل ہوا ہے، جو معیشت کے لیے اچھی خبر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے بجٹ میں شق 37 اے میں تبدیلی کرکے کچھ اختیارات کم کیے گئے ہیں۔ آئندہ بجٹ کے لیے حکومت تاجروں سے مشاورت کر رہی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کا اہم مرکز ہے اور ان کے دورے کا مقصد کاروباری مسائل سمجھ کر انہیں حل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2024 سے حکومت نے معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کام کیا ہے، جس سے مہنگائی میں کمی آئی، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے اور پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں شامل ہوا۔ پہلے بھی معیشت میں ترقی کے باوجود ذخائر کم ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ معیشت کی ترقی نجی شعبے کے ذریعے ہو اور حکومت اس میں کاروباری طبقے کی مدد کرے گی۔









