زیارت میں مشترکہ کارروائی مکمل، 15 دہشت گرد ہلاک، 9 پولیس اہلکار شہید

[post-views]
[post-views]

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع زیارت میں پولیس پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیے گئے مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک جبکہ 9 پولیس افسران اور اہلکار شہید ہوگئے۔ صوبائی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرتے ہوئے صورتحال پر مکمل قابو پا لیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے منگل کو بتایا کہ ضلع زیارت کے کوچ منگی فیز تھری کے علاقے میں فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی، خصوصی کارروائی ونگ اور انسداد دہشت گردی فورس نے مشترکہ کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کا خاتمہ اور حملے کے بعد لاپتا ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بازیابی تھا۔

ترجمان کے مطابق منگی اور کاوس تھانوں کے تھانہ داروں سمیت انسداد دہشت گردی فورس کے انچارج ہیڈ کانسٹیبل سیف اللہ اور دیگر اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 9 پولیس افسران اور اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے۔

شہداء کی میتیں قانونی کارروائی اور ضروری معائنے کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال زیارت منتقل کی جا رہی ہیں۔

شاہد رند نے بتایا کہ حملے کے بعد لاپتا ہونے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس غلام سرور اور آٹھ دیگر پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے ہوتے ہوئے بحفاظت کچھ تھانے پہنچ گئے، جبکہ لاپتا کانسٹیبل رضوان کو بھی محفوظ حالت میں بازیاب کر لیا گیا۔

انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

حکام کے مطابق اتوار کی شب سے منگی کے علاقے میں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، تاہم مشترکہ آپریشن کے بعد سکیورٹی فورسز نے صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔

وزیراعظم کی مذمت اور خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف نے زیارت میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کارروائی کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور امن دشمن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos
[youtube-feed feed=2]