اسلام آباد: پاکستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات 9 اور 10 جولائی کو واشنگٹن میں منعقد ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت جواد پال نے کی، جنہوں نے مذاکرات کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں نے اہم معاملات پر قابلِ ذکر پیش رفت حاصل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئے، جہاں دونوں ممالک نے اختلافی نکات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ادھر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی واشنگٹن پہنچ گئے۔ اس سے قبل وہ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے پولیس سربراہان کے پانچویں عالمی اجلاس میں شریک ہوئے، جہاں عالمی سلامتی، بین الاقوامی پولیس تعاون اور سرحد پار جرائم سے نمٹنے کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور امریکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سفارتی روابط کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں۔
نیویارک میں وزیرِ داخلہ نے بنگلہ دیش کے وزیرِ داخلہ صلاح الدین احمد سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سائبر جرائم، آن لائن دھوکہ دہی، پولیس تربیت اور سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال ہوا، جبکہ بنگلہ دیشی وزیر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔








