سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گرد ہلاک کردئیے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا،پاکستان افغان عبوری حکومت سےموثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا کہتا رہا ہے۔
سکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،وزیرداخلہ نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کرکے خوارج کی دراندازی کو ناکام بنایا، بہادر سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 6خارجیوں کو ہلاک کیا۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
صدر مملکت نے بھی پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور بروقت کارروائی کے دوران 6 خارجی ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ملکی سرحدوں کی ہمہ وقت حفاظت کیلئے پرعزم ہیں،دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔









