ہماری نہ کسی ادارے سے اور نہ ہی سسٹم سے جنگ ہے، لوڈشیڈنگ میں ریلیف ملنا چاہیے: علی امین گنڈا پور

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

 خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاق اور صوبے ملکر کام کریں گے،ہم نے مل کر معاملات طے کئے ہیں، ہم نے ایسا راستہ نکالا ہے  جس سےعوام کو ریلیف ملے گا اور نقصانات میں بھی کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اویس لغاری سے وزیر توانائی کی حیثیت سے بات ہوئی ہے، بات چیت کا ہماری پارٹی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا اداروں کو مضبوط ہونا چاہیے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری نہ کسی ادارے سے جنگ ہے اور نہ ہی سسٹم سے ہے، سیاسی تحریک اور انتظامیہ کے معاملات کو مکس نہ کیا جائے، لوڈشیڈنگ میں خیبرپختونخوا کو ریلیف ملنا چاہیے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے جو لائحہ عمل بنایا ہے اس میں صوبے کے عوام کا تعاون چاہیے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمارا صوبہ پورے ملک کو بجلی پیدا کرکے دے رہا ہے۔ لائن لاسز  کوکنٹرول کرنےاور دیگروجوہات پر مل کر کام کریں گے، الیکشن سے متعلق ہمارے مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں، گورنرخیبرپختونخوا سے میرا کوئی اختلاف نہیں، لوڈشیڈنگ عوام کا بڑا مسئلہ ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ آج ملک کے لئے بہت خوش آئند دن ہے، سیاست دانوں پر تنقید کرنے والے آج شرمندہ ضرور ہوں گے، وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکر گزار ہوں، ہم نے مشکلات کا حل نکالا ہے، آج ہم نے بیٹھ کر ایک ماڈل بنایا ہے، دوسرے صوبوں سے بھی شیئر کریں گے۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ کل تک معاملے پر حکمت عملی بنالی جائے گی، آج تحریک انصاف نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی، خیبرپختونخوا میں ایک بڑا بحران تھا جو حل ہوا اسے سراہنا چاہئے، مولانا فضل الرحمان سے میرا 25 سال پرانا تعلق ہے، مولانا فضل الرحمان سے میرا تعلق رہے گا، مولانا فضل الرحمان کو حکومت سے کوئی ایشو ہوگا مجھ سے نہیں۔

Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos